لاہور:پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے آغاز میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے، جس کے پیش نظر کرکٹ شائقین میں جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے جبکہ ایونٹ کے آغاز سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی اور ٹورنامنٹ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران مختلف ٹیموں کے کپتانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو کامیابی دلانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے اس سیزن کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کپتانوں نے کہا کہ لیگ میں شامل تمام ٹیمیں متوازن اور مضبوط ہیں، جس کے باعث مقابلے سخت اور دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی جلد ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو جائیں اور ایک مضبوط یونٹ کے طور پر میدان میں اتریں، ٹیم ورک ہی کامیابی کی کنجی ہوگا۔
راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پی ایس ایل ہمیشہ ایک معیاری ٹورنامنٹ رہا ہے اور اس بار بھی شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،تمام ٹیمیں اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کھیلنا ہمیشہ ایک اچھا تجربہ ہوتا ہے، ملتان سلطانز ایک متوازن ٹیم ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے شائقین کو متاثر کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2026 کا افتتاحی میچ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین مدمقابل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں کرکٹ کا بخار ایک بار پھر عروج پر پہنچنے کی توقع ہے جبکہ شائقین کو سنسنی خیز مقابلوں کا انتظار ہے۔