کراچی میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے تشویشناک صورتحال سامنے آنے کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے ممکنہ بڑے بحران کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں گیس کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ اس وقت پیدا ہوا جب ایس ایس جی سی کو فراہم کی جانے والی گیس میں اچانک تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گیس کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کمپنی کو گیس فراہم کرنے والی دو اہم گیس فیلڈز میں اچانک تکنیکی مسائل پیدا ہوئے ہیں، جس کے باعث سسٹم میں شامل ہونے والی گیس کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کمی کے نتیجے میں گیس پریشر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ دستیاب گیس کو ضرورت کے مطابق تقسیم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ “ہم اس غیر متوقع قلت کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔”
اس تکنیکی خرابی کے باعث کراچی کے گنجان آباد علاقوں میں کھانا پکانے کے اوقات، یعنی پیک آورز کے دوران گیس پریشر انتہائی کم ہونے یا مکمل بندش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایس ایس جی سی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گیس کا استعمال صرف ضرورت کے تحت کریں جب تک کہ سپلائی مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتی۔