ایرانی حملے باعث تشویش، خطے کا امن خطرے میں ہے،بحران کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششیں قابل تحسین ہیں، سعودی سفیر

ایرانی حملے باعث تشویش، خطے کا امن خطرے میں ہے،بحران کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششیں قابل تحسین ہیں، سعودی سفیر

پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے ویڈیو پیغام میں خطے کی تازہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ ایرانی حملے جو مملکت سعودی عرب اور دیگر خلیجی برادر ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں، نہایت تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت کے مترادف ہیں، جو کسی بھی تنازع کا حصہ نہیں، ان حملوں کو انہوں نے بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

سعودی سفیر کے مطابق ان حملوں میں نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا بلکہ رہائشی علاقوں اور اہم شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جن میں ہوائی اڈے، ہوٹل اور دیگر بنیادی شہری ڈھانچے شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ان خلاف ورزیوں کی سنگینی کو مزید واضح کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایرانی حملوں پر سعودی عرب کی کابینہ کا سخت ردعمل سامنے آ گیا

نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو یہ ہے کہ یہ خطرات عالمی اہمیت کی حامل آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز تک پھیل رہے ہیں، جہاں سے نہ صرف بحری جہاز گزرتے ہیں بلکہ عالمی معیشت، توانائی کی فراہمی اور استحکام بھی اسی راستے سے جڑا ہوا ہے یہ خطرہ اب صرف علاقائی نہیں رہا بلکہ ایک عالمی انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاستوں کی سلامتی ناقابلِ سمجھوتہ ہے اور خطے کا استحکام ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کا احترام ہم سب کے محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

سعودی سفیر نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بحران کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور یہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں مثبت کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مملکت سعودی عرب اس یقین پر قائم ہے کہ دانشمندی، تحمل اور عالمی یکجہتی ہی بحرانوں پر قابو پانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ انسانی اصولوں پر قائم رہنا ہی پائیدار امن اور سلامتی کے حصول کا بہترین راستہ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *