پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سوشل میڈیا پر ایک متنازع بیان جاری کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ کارروائی سینٹرل کنٹریکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمل میں لائی گئی ہے، جس کے تحت کھلاڑیوں کو حساس سیاسی یا حکومتی معاملات پر بلا اجازت گفتگو کرنے سے روکا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (PSL) کی افتتاحی تقریب کے دوران نسیم شاہ کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک متنازع جواب پوسٹ کیا گیا تھا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا گیا کہ “لارڈز میں ان کے ساتھ ملکہ جیسا سلوک کیوں کیا جاتا ہے؟”
اگرچہ اس ٹویٹ کو چند ہی منٹوں بعد حذف کر دیا گیا، لیکن اس کے اسکرین شاٹس وائرل ہونے پر پی سی بی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔
دوسری جانب نسیم شاہ نے اس تمام صورتحال پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا آفیشل اکاؤنٹ مختصر وقت کے لیے ہیک کر لیا گیا تھا اور وہ متنازع ٹویٹ انہوں نے خود پوسٹ نہیں کی تھی۔ فاسٹ بولر نے تصدیق کی کہ اب ان کا اکاؤنٹ بحال ہو چکا ہے اور دوبارہ ان کے اپنے کنٹرول میں ہے۔
دوسری جانب اب گیند پی سی بی کے کورٹ میں ہے کہ آیا وہ نسیم شاہ کے ‘ہیکنگ’ کے دعوے کو تسلیم کرتا ہے یا تحقیقات کو مزید آگے بڑھاتا ہے۔