خیبر پختونخوا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 مارچ سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے دلخراش واقعات پیش آئے ہیں، جن میں اب تک مجموعی طور پر 9 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، ان بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر بنوں اور شمالی وزیرستان کے علاقے ہوئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف حصوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مخدوش عمارتوں سے دور رہیں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاکہ بحالی کے کاموں کو تیز کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ کی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی صورتحال پر وفاقی وزراء کی تعریف

