کشمیری حریت رہنما اشفاق مجید وانی کی 36 ویں برسی، شمعِ آزادی کے پروانے کو بھرپور خراجِ عقیدت

کشمیری حریت رہنما اشفاق مجید وانی کی 36 ویں برسی، شمعِ آزادی کے پروانے کو بھرپور خراجِ عقیدت

مقبوضہ کشمیر کی تحریکِ آزادی کے ماتھے کا جھومر اور نوجوان نسل کے بیدار مغز رہنما اشفاق مجید وانی کی شہادت کو 36 برس بیت گئے ہیں۔

1980 کی دہائی کے آخر میں ابھرنے والی نوجوان مزاحمتی قیادت میں اشفاق مجید وانی وہ نامور شخصیت تھے جنہوں نے نہ صرف سیاسی شعور کو بیدار کیا بلکہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو ایک نئی اور توانا سمت عطا کی۔

یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت اور وزیراعظم کاکشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ

اشفاق مجید وانی دینِ اسلام اور علامہ اقبالؒ کے فلسفۂ خودی سے گہرے متاثر تھے، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اپنی قلیل زندگی اور بھرپور جدوجہد کے ذریعے کشمیری نوجوانوں میں حریت کا وہ جذبہ پیدا کیا جس نے بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا۔

30 مارچ ‘1990’ کو سرینگر کے علاقے’حوال‘ میں قابض بھارتی فورسز نے ایک بزدلانہ کارروائی کے دوران انہیں گھیرے میں لے لیا، تاہم اشفاق مجید وانی نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے آخری دم تک بہادری سے مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کر کے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔

یاد رہے کہ ان کی شہادت نے تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو وہ طاقت بخشی جس نے مزاحمتی جذبوں کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ آج 36 برس گزرنے کے باوجود اشفاق مجید وانی کشمیری نوجوانوں کے لیے حوصلے اور جدوجہد کی ایک زندہ علامت سمجھے جاتے ہیں۔ بھارتی قابض افواج کے بدترین مظالم، بلاجواز گرفتاریاں اور انسانی حقوق کی پامالیاں کشمیری عوام کے حوصلے توڑنے میں ناکام رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:بھارت کا جبری تسلط جاری، کشمیری عوام آج پوری دُنیا میں حق خودارادیت بنا رہے، تقریبات، ریلیاں منعقد

کشمیری عوام آج بھی پاکستان کو اپنی امیدوں کا مرکز اور اپنی جدوجہد کا فطری حامی تسلیم کرتے ہیں اور ہر گزرتی آزمائش کے ساتھ یہ وابستگی مزید گہری ہوتی جا رہی ہے۔

اشفاق مجید وانی جیسے شہدا کا لہو پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ ظلم کی رات چاہے کتنی ہی لمبی کیوں نہ ہو، آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ آج مقبوضہ وادی سمیت آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اپنے اس عظیم ہیرو کو عقیدت و احترام سے یاد کر رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *