فخر زمان نے 2 میچوں کی پابندی کی سزا کے خلاف بڑا اقدام اٹھا لیا، ٹیکنیکل کمیٹی کے لیے امتحان

فخر زمان نے 2 میچوں کی پابندی کی سزا کے خلاف بڑا اقدام اٹھا لیا، ٹیکنیکل کمیٹی کے لیے امتحان

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن میں ایک بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جہاں مایہ ناز بیٹر فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کے مبینہ واقعے کے بعد دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

فخر زمان نے میچ ریفری کے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کے پاس باقاعدہ اپیل دائر کر دی ہے، جس کے بعد اس معاملے نے مزید شدت اختیار کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بال ٹیمپرنگ کیس : فخر زمان پر کتنے میچز کی پابندی لگنے کا امکان ہے ؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے خلاف کھیلے گئے حالیہ میچ میں امپائرز نے رپورٹ دی کہ فخر زمان نے دورانِ کھیل گیند کی حالت تبدیل کرنے (بال ٹیمپرنگ) کی کوشش کی، جو کرکٹ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد میچ ریفری نے فخر زمان کو پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی لیول 3 خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور ان پر 2 میچز کی فوری پابندی نافذ کر دی۔ کرکٹ کے قوانین میں ‘لیول 3’ کی خلاف ورزی کو انتہائی سنجیدہ تصور کیا جاتا ہے، جس میں بھاری جرمانے اور طویل معطلی جیسی سخت سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فخر زمان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کرنے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی سے رجوع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی حقیقت کچھ اور ہے، جس کی وضاحت وہ اپیل کے دوران کریں گے۔

واضح رہے کہ اس پابندی کے باعث فخر زمان آئندہ 2  اہم میچز میں اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، جس سے ٹیم کا بیٹنگ کمبی نیشن بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر فخر زمان کا پی ایس ایل میں ایک اور اعزاز

کھیلوں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 2026 کے اس سیزن میں فخر زمان جیسے سینیئر کھلاڑی پر اس طرح کی پابندی لیگ کی ساکھ اور ان کے کیریئر کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ اب تمام نظریں ٹیکنیکل کمیٹی پر جمی ہیں کہ آیا وہ فخر زمان کی اپیل کو منظور کر کے سزا میں کمی کرتی ہے یا میچ ریفری کے فیصلے کو برقرار رکھا جاتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *