وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولز، کالجز اور جامعات جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے، تاہم تدریس ہفتے کے باقی چار دنوں میں جاری رہے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات میں تعلیمی سرگرمیوں کو برقرار رکھنا اور طلبا، اساتذہ اور والدین کے تعاون کو سراہنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ سکولز کے علاوہ کالجز اور جامعات کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہفتے میں تین دن تک اپنے ادارے بند رکھیں اور آن لائن کلاسز کے ذریعے طلبا کی تعلیم جاری رکھیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، سکولز سوموار سے جمعرات تک صبح 8 بجے سے ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے۔ ڈبل شفٹ والے سکولز صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ایک شفٹ مکمل کریں گے، جبکہ دوسری شفٹ والے سکول دوپہر ایک بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک تدریس کریں گے۔ دوپہر والے سکولوں میں پڑھائی دن کے ایک بجے سے ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔
یہ فیصلہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط قائم رکھنے اور طلبا کی تعلیم میں رکاوٹ کو کم سے کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ والدین اور اساتذہ سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے تاکہ آن لائن اور محدود دنوں کی تدریس موثر انداز میں انجام دی جا سکے۔