سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایات اور وزیرِ اعظم پاکستان کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ و اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد 47 کروڑ 21 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس کر دیے، جبکہ ارکانِ قومی اسمبلی کی تنخواہوں سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کٹوتی کر کے وزیرِ اعظم کے کفایت شعاری فنڈ 2026 میں جمع کروا دیے گئے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کفایت شعاری مہم پر من و عن عملدرآمد کے لیے سخت ہدایت جاری کی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں دو ارب روپے تک بچت کی منصوبہ بندی کی گئی۔ آئندہ ہفتوں میں مزید رقوم قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں گی۔
فیول اور توانائی کی بچت کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 75 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کیا، جبکہ بجلی کی ضروریات گرین پارلیمنٹ سولر سسٹم کے ذریعے پوری کی جا رہی ہیں۔
قومی اسمبلی میں 200 ملازمین فزیکلی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ سپیکر کی ہدایات کے مطابق غیر ضروری اخراجات میں کمی کے اقدامات کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔