درگاہ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید معین الحق گیلانی کے بڑے صاحبزادے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی انتقال کر گئے ہیں ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی عقیدت مندوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی وفات کی اطلاع ملتے ہی ان کے چاہنے والے اور مریدین جوق در جوق گولڑہ شریف کا رخ کر رہے ہیں۔ مختلف شہروں سے آنے والے عقیدت مندوں کے علاوہ بیرون ملک مقیم افراد بھی بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں تاکہ مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کر سکیں اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کر سکیں۔
ترجمان کے مطابق پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر گولڑہ شریف میں ادا کی جائے گی، جس میں ملک بھر سے اہم مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ درگاہ کے اطراف میں سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
مرحوم کی شخصیت صوفیانہ تعلیمات، روحانی خدمات اور درگاہ سے وابستہ روایات کے فروغ کے حوالے سے نمایاں حیثیت رکھتی تھی۔ ان کی وفات کو روحانی حلقوں میں ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے اور عقیدت مند ان کی تعلیمات اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے بھی اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نے پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی صوفیانہ تعلیمات کے فروغ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید مہر فرید الحق گیلانی کی وفات ایک بڑا روحانی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔