پنجاب حکومت کی جانب سے جڑواں شہروں میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں میں شہریوں کے لیے مفت سفر لی سہولت کے آغاز پر بسوں میں مسافروں کا سمندر امڈ آیا اور یومیہ رائیڈر شپ 1 لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مفت سفری سہولت کے بعد میٹرو بس اور گرین الیکٹرک بسوں میں مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، مفت سروس کے آغاز کے بعد سے روزانہ سفر کرنے والوں کی تعداد ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جس نے انتظامیہ کو بھی حیران کر دیا ہے۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ریڈ میٹرو بس سروس میں روزانہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں، جبکہ فیڈر بسوں کے طور پر چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں میں 40 ہزار سے زیادہ شہری اپنی منزل مقصود تک پہنچ رہے ہیں۔
یوں دونوں سروسز کی مجموعی یومیہ رائیڈر شپ ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جو کہ ان بسوں کی گنجائش کے لحاظ سے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کو محض اپنا قومی شناختی کارڈ اور طلبہ کو اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانے پر مفت سفر کی اجازت دی جا رہی ہے۔ اس سہولت نے نہ صرف ورکنگ کلاس بلکہ طلبہ اور بزرگوں کے لیے بھی بڑی آسانی پیدا کر دی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے دوران بھی رش میں کمی نہیں دیکھی گئی اور تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار مسافروں نے ان دو دنوں میں سفر کیا۔ گرین الیکٹرک بسوں میں رش کا عالم یہ ہے کہ مسافروں کو بیٹھنے کے بجائے کھڑے ہو کر سفر کرنا پڑ رہا ہے، تاہم مفت سہولت کے باعث شہری اسے خوش دلی سے قبول کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت کا میٹرو اور گرین بس سمیت تمام سرکاری ٹرانسپورٹ پر سفر فری کرنے کا اعلان

