حکومتِ پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کی تنصیبات پر گزشتہ رات کیے گئے میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں کے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دوٹوک اور سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یہ حملے ایران کی جانب سے کیے گئے جنہوں نے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کا نقصان کیا بلکہ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید متاثر کیا۔حکومتِ پاکستان نے ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کو بھی شدید خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔
حکومتِ پاکستان نے اس صورتحال کو ایک خطرناک کشیدگی میں اضافہ قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ایسے اقدامات پورے خطے کے امن کو متاثر کر سکتے ہیں۔
حکومت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا،بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ہر مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
آخر میں حکومتِ پاکستان نے ایک بار پھر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔