وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک تھی، ہے اور رہے گی، اور قومی سطح پر تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اس جنگ کے خاتمے کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعائیں کیں، انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم پاکستان نے سفارتی سطح پر اہم کامیابی حاصل کی جس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق جنگ کے شعلے دو ہفتوں کے لیے بجھ گئے ہیں، جبکہ یہ شعلے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہے تھے، جو عالمی امن کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سیز فائر کے حصول کے لیے راتوں کو جاگ کر مسلسل کوششیں کی گئیں اور بالآخر یہ مرحلہ طے پایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے واضح طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا، جس پر انہوں نے سعودی عرب، عمان، قطر، ترکیہ سمیت تمام خلیجی ممالک اور عظیم دوست چین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایرانی اور امریکی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے مذاکرات کے عمل میں مثبت کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ان کی دعوت پر امریکی اور ایرانی وفود جمعہ کے روز مذاکرات کے لیے پاکستان آ رہے ہیں، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے مسلح افواج کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید عاصم منیر بطور فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگتے رہے اور سفارتی کامیابی کو یقینی بنایا، جبکہ کابینہ اراکین نے بھی ان کی خدمات کو سراہا اور بھرپور پذیرائی پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کے قیامت خیز طوفان پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کرنا پڑے اور یہ عمل آسان نہیں تھا، تاہم اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔