پاکستان تحریک انصاف نے کل لیاقت باغ میں ہونے والا احتجاجی جلسہ مؤخر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی حتمی منظوری جلد پارلیمانی کمیٹی سے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے لیاقت باغ کے باہر ہونے والا جلسہ مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ منظوری کچھ دیر میں پارلیمانی کمیٹی سے حاصل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم حکومتی شخصیات کی جانب سے بین الاقوامی وفود کی آمد کے پیش نظر جلسہ مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر پی ٹی آئی قیادت آمادہ ہو گئی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی اپوزیشن سے احتجاج مؤخر کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور چیئرمین پی ٹی آئی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی وحدت اور یگانگی کا پیغام دینا انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ “کوئی پاگل ہوگا کہ اس موجودہ وقت میں خوش نہ ہو، اختلافات بہت زیادہ ہیں، تاہم جن دوستوں سے زیادتی ہوئی وہ بھی پاکستان کے ساتھ ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک خیر کا کام ہے اور ہم حکومت کے لیے غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔