شہباز شریف سے سید عاصم منیر نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کردار کا جائزہ لیا، اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے مختلف فریقین کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے کی جانے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ حالیہ دنوں میں کشیدگی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، دونوں شخصیات نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کو برقرار رکھیں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ جاری رکھیں تاکہ خطے میں امن کو مستحکم بنایا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے لیے اپنا ثالثی کردار جاری رکھے گا۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے تمام فریقین کی جانب سے برداشت اور ذمہ داری کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے اسے مثبت پیشرفت قرار دیا۔