پنجاب کی سیاست کا ایک بڑا ستون تجربہ کار سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی حلقوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سردار ذوالفقار کھوسہ کا شمار پاکستان، بالخصوص جنوبی پنجاب کے انتہائی معتبر اور سینئر سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ وہ نہ صرف پنجاب کے گورنر رہے بلکہ مختلف ادوار میں صوبائی وزیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ ان کی سیاسی بصیرت، وضع داری اور اصول پسندی کو تمام سیاسی جماعتوں کے حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
سردار ذوالفقار کھوسہ نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور علاقائی سیاست میں ایک نمایاں مقام برقرار رکھا۔ ان کی وفات پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑا سیاسی نقصان قرار دیا ہے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین ان کے آبائی علاقے میں کی جائے گی، جس میں سیاسی رہنماؤں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ اہل خانہ کے مطابق ذوالفقار کھوسہ کچھ عرصے سے لاہورکے اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی عمر 90 سال تھی۔
ذوالفقار کھوسہ 1962 میں پہلی بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ بیشتر زندگی مسلم لیگ میں رہے۔ وہ متعدد مرتبہ صوبائی وزیر،مشیر،سینیٹر، گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔ 2018 کے انتخابات سے قبل وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔
ذولفقار کھوسہ نوازشریف کے جلا وطنی کے دور میں پنجاب کے مسلم لیگ ن کے صدر بھی رہے۔