ایران کی جانب سے پاکستان بھیجے گئے وفد کے سفر سے جڑی ایک دلخراش اور جذباتی منظر کشی سامنے آئی ہے، جس نے دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ وفد جس طیارے میں سفر کر رہا تھا، اس کی خالی نشستوں پر اُن طالبات کے بیگز رکھے گئے تھے جو حالیہ امریکا ایران جنگ کے دوران جاں بحق ہوئیں۔
دورانِ پرواز بنائی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کی نشستوں پر رکھے گئے یہ بیگز خون سے آلودہ تھے، جو اس سانحے کی سنگینی کو اور زیادہ نمایاں کر رہے تھے۔
یہ مناظر دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی اور سوشل میڈیا سمیت مختلف حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے ۔ عوامی سطح پر نہ صرف معصوم طلبا و طالبات کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ اس واقعے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے سخت تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس جنگ کے ابتدائی دنوں میں میناب میں واقع ایک گرلز اسکول پر حملہ کیا گیا تھا، جس میں تقریباً دو سو طالبات شہید ہو گئیں۔ اس واقعے نے عالمی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا، اور متعدد ممالک و انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
دنیا بھر میں اس سانحے کو جنگی جرائم کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔