گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حکومت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے کی جانے والی امن کی کوششیں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
کوہاٹ کے عظیم باغ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر مرکوز ہیں، جن میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، حتیٰ کہ مخالفین بھی ان اقدامات کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ملک عالمی سطح پر ایک مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت نے جس تدبر اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے نہ صرف خطے میں امن کی امید بڑھی ہے بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بھی بلند ہوا ہے۔