اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس امریکا واپس روانہ ہو گئے۔ روانگی سے قبل انہوں نے پریس بریفنگ میں واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا جا سکا، جس کے باعث وہ واپس جا رہے ہیں۔
اپنی پریس بریفنگ میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مذاکرات کے دوران متعدد اہم نکات پر بات چیت ہوئی، تاہم ابھی تک کوئی حتمی پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
امریکی نائب صدر کو اسلام آباد سے روانگی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے سفارتی آداب کے مطابق مکمل پروٹوکول فراہم کیا گیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد میں جاری تھے، جنہیں خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا تھا، تاہم تاحال کوئی حتمی معاہدہ سامنے نہیں آ سکا۔