امریکا اور ایران کے درمیان تعمیری مذاکرات ہوئے، سیز فائر جاری رکھنے کے حوالے سے پرامید ہیں، اسحاق ڈار

امریکا اور ایران کے درمیان تعمیری مذاکرات ہوئے، سیز فائر جاری رکھنے کے حوالے سے پرامید ہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے تاریخی مذاکرات کے حوالے سے اہم پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور مکمل ہو چکے ہیں۔

 انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ امریکا اور ایران نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کو بطور سہولت کار تسلیم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، جے ڈی وینس

اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے تھے جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان مذاکرات میں انہوں نے خود بطور نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے براہِ راست معاونت کی تاکہ مذاکراتی عمل کو اسٹریٹجک اور سفارتی سطح پر نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ فریقین کی جانب سے پاکستان کے مثبت اور غیر جانبدارانہ کردار کے اعتراف پر وہ شکر گزار ہیں۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ دونوں ممالک سیز فائر جاری رکھنے کے عزم پر قائم رہیں۔ اسحاق ڈار نے اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے اپنا سہولت کاری کا کردار مستقبل میں بھی جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد مذاکرات کا باقاعدہ آغاز، وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہم ملاقات

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات سے شروع ہونے والا مثبت سفر خطے میں استحکام لانے کا باعث بنے گا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد مذاکرات کا یہ مرحلہ اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ اس میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے مل کر عالمی امن کے لیے کام کیا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی معاونت نے ان مذاکرات کو سیکیورٹی کے حوالے سے ٹھوس بنیاد فراہم کی، جبکہ اسحاق ڈار نے سفارتی محاذ سنبھالا۔ امریکا اور ایران جیسے حریف ممالک کا اسلام آباد میں سر جوڑ کر بیٹھنا پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کا باعث بنا ہے، جس کا مقصد مشرقِ وسطٰی میں جاری کشیدگی کا مستقل خاتمہ ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *