سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اپریل کے وسط تک ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام عمرہ زائرین 18 اپریل تک اپنی واپسی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی صورت ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں قیام نہ کریں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 18 اپریل کے بعد مکہ مکرمہ میں صرف حج ویزہ رکھنے والے افراد کو قیام کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق آج سے ہی بغیر پرمٹ مقامی اور غیر ملکی افراد کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ حج سیزن کی تیاریوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ آئندہ آنے والے عازمینِ حج کے لیے انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ عمرہ ویزہ صرف مخصوص مدت کے لیے ہوتا ہے اور اس کی خلاف ورزی سعودی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔ عمرہ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام زائرین کی بروقت روانگی کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کریں۔
کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زائرین کو واپسی کے شیڈول سے آگاہ کریں اور کسی بھی تاخیر سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
سعودی وزارتِ حج نے خبردار کیا ہے کہ ویزے کی مدت سے تجاوز کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں قید اور جرمانہ دونوں شامل ہو سکتے ہیں۔
حکام نے زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں اور مقررہ وقت کے اندر اپنی واپسی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب آنے والے زائرین کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط ان کی سہولت اور نظم و ضبط کے لیے ہیں، لہٰذا ان پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔