لاہور: نواب ٹاؤن میں اسکوٹی سوار لڑکی سے موبائل چھیننے والے ملزم کو پولیس نے محض 8 گھنٹوں میں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سخت نوٹس اور واضح احکامات کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عدنان کو گرفتار کیا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ریکارڈ وقت میں ٹریس کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور جیو فینسنگ کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی گئی۔ جیسے ہی ملزم کی لوکیشن ٹریس ہوئی، علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم عدنان اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا۔ ناکے پر پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران ملزم عدنان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے زخمی ملزم کو حراست میں لے کر فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ نواب ٹاؤن میں لڑکی سے ڈکیتی کی واردات کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو ملزم کی گرفتاری کے لیے 8 گھنٹے کا وقت دیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔