بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی جانب سے خواتین بینیفشریز کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بینظیر موبائل سم کے حصول کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اب مستحق خواتین 30 جون 2026 تک اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے اپنی موبائل سم بالکل مفت حاصل کر سکتی ہیں۔
بی آئی ایس پی حکام نے تمام بینیفشریز سے درخواست کی ہے کہ اگر انہوں نے ابھی تک اپنی بینظیر موبائل سم حاصل نہیں کی تو وہ فوری طور پر اپنا ذاتی موبائل فون ساتھ لے کر قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نے وزیراعظم کے “کیش لیس پاکستان” اسٹریٹجک روڈ میپ کے تحت ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام صارفین کو ڈیجیٹل والٹ سسٹم پر منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس منصوبے کے تحت پروگرام کے لاکھوں مستحق افراد کو جدید ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ رقوم براہِ راست اور بغیر کسی کٹوتی کے ان کے کھاتوں میں منتقل ہوں۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل والٹ سسٹم کے استعمال سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، بدعنوانی اور بینکنگ تاخیر کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ خواتین مستفدین کو مالی خودمختاری بھی حاصل ہوگی۔
حکومت کے مطابق یہ نظام نہ صرف مستحق افراد کے لیے سہولت کا باعث بنے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی ڈیجیٹل بنیادوں پر مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔