نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے پرامن حل کیلئے مکالمہ اور سفارتکاری ہی مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
گفتگو کے دوران محمد اسحاق ڈار نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں پاکستانی وفد کی میزبانی پر ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم و وفد کو دی جانے والی پرتپاک مہمان نوازی کو سراہا۔
انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر آر-4 کے تیسرے اجلاس کی میزبانی پر بھی ترکیہ کا شکریہ ادا کیا، جس میں ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔