ایران کے صدر ڈاکٹرسید ابراہیم رئیسی گزشتہ روزایرانی صوبے آذربائیجان میں ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں ابراہیم رئیسی کیساتھ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ، ترجمان سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اورمشرقی صوبےآذربائیجان کے گورنر بھی ہیلی کاپٹر میں ان کیساتھ سوار تھے وہ بھی حادثے میں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونا کسی سربراہ مملکت، سربراہ حکومت یا کسی اہم سرکاری شخصیت کی فضائی حادثے میں ہلاکت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ تاریخ میں ایسے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
لیخ کاچینسکی
پولش صدر
فضائی حادثے میں ہلاک ہونیوالے سربراہان مملکت میں ایک نام پولش صدر لیخ کاچینسکی کا بھی ہے۔ 10 اپریل 2010 کو پولش صدر اپنے وفد کے ہمراہ روس جا رہے تھے کہ روس کی سمولنسک ائیر بیس پر لینڈنگ کے وقت ان کا جہاز کریش کرگیا۔ اس حادثے میں پولش صدر، ان کی بیوی اور وفد کے دیگر 94 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس وقت کے روسی وزیر اعظم ولادیمیر پیوٹن کی سربراہی میں بننے والی تحقیقاتی کمیٹی نے پائلٹ کی غلطی کو حادثے کی وجہ قرار دیا تھا۔
جنرل ضیاء الحق
صدرِ پاکستان
فضائی حادثے میں وفات پانے والی شخصیات میں ایک بڑا نام صدر پاکستان جنرل ضیاء الحق کا بھی ہے۔17 اگست 1988کو جنرل ضیاء الحق اپنے سی 130 جہاز میں پرواز کررہے تھے کہ ان کا جہاز بہاولپور سے کچھ فاصلے پر دریائے ستلج کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔ اُس وقت جنرل ضیاء الحق کیساتھ جہاز میں جوائنٹ چیف اسٹاف کمیٹی جنرل اختر عبدالرحمان اور پاکستان میں امریکی سفیر آرنلڈ رافیل سمیت 29 افراد سوار تھے۔
سنجے گاندھی
بھارتی سیاستدان
سابق بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے بیٹے سنجے گاندھی23 جون 1980 کو فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ سنجے گاندھی جہاز خود آپریٹ کررہے تھے جو دہلی کے صفدر جنگ ائیر پورٹ کے نزدیک حادثے کا شکار ہوا۔
رشید کرامی
لبنانی وزیر اعظم
یکم جون 1987 کو لبنانی وزیر اعظم رشید کرامی فلائٹ کے دوران اپنے ہیلی کاپٹر میں ہونیوالے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے۔ اس حادثے میں صرف لبنانی وزیر اعظم کی ہی موت واقعہ ہوئی جب کہ ہیلی کاپٹر میں سوار دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔
جنرل بپن راوت
بھارتی چیف آف جنرل اسٹاف
بھارتی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل بپن راوت 8 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوئے۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیش آنے وا لے اس واقعے میں جنرل پبن راوت ، ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد مارے گئے۔ اُ س وقت کی حکومت کی طرف سے کی جانے والے تحقیقات میں بتایا گیا تھاکہ ہیلی کاپٹر حادثہ موسم میں آ نیوالی تبدیلی کے باعث پیش آیا۔
عبدالسلام عارف
عراقی صدر
عراق کے دوسرے صدر عبدالسلام عارف 13 اپریل 1966 کو فضائی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے، ان کا طیارہ بصرہ کے نزدیک حادثے کا شکار ہوا۔ عبد السلام عارف کی موت کے بعد ان کے بھائی عبد الرحمان عارف ملک کے نئے صدر بنے۔
داگ ہمارشولد
سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ داگ ہمارشولد 18 ستمبر 1961 کو فضائی حادثے کا شکار ہوئے۔ داگ ہمارشولد ایک امن مشن پر کانگو میں تھے جہاں ان کا ڈگلس ڈی سی 6 طیارہ تباہ ہوا جس میں داگ ہمارشولد سمیت 15 افراد مارے گئے ۔
رونلڈ براؤن
امریکی وزیر تجارت
امریکی صدر بل کلنٹن کے دور حکومت میں امریکا کے وزیر تجارت رونلڈ براؤن بھی فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔3 اپریل 1996 کو رونلڈ براؤن سرکاری دورے پر کروشیا جارہے تھے کہ کروشیا میں دوران لینڈنگ ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔اس حادثے میں رونلڈ براؤن سمیت جہاز میں سوار 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔