محکمہ موسمیات نے جون کے دوسرے ہفتے میں پری مون سون بارشیں شروع ہونے کی پیشنگوئی کر دی۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے دوسرے ہفتے میں پری مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔ ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 27 مئی تک درجہ حرارت میں شدید اضافہ متوقع ہے۔ مئی کے مہینے میں 37 ڈگری ایک نارمل درجہ حرارت مانا جاتا تھا۔ اس گرم موسم سے چرند پرند انسان سب متاثر ہوسکتے ہیں۔ نارمل ڈگری سے 4 یا 5 ڈگری زیادہ درجہ حرارت ہوجائے تو وہ ہیٹ ویو کہلاتی ہے۔ 3 یا 5 دن درجہ حرارت نارمل سے زیادہ رہے تو اسے ہیٹ ویو کہا جاسکتا ہے۔ ہیٹ ویوسے زمینی درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: 22 مئی سے تمام نجی و سرکاری سکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہائی پریشر ایریا میں آسمان صاف ہوتا ہے اور سوچ کی کرنیں زیادہ تیز ہوتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گزارش کی کہ ہیٹ ویو سے متعلق آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کو گرم مشروبات اور مصالحہ داراشیا کھانے سے گریز کرنی چاہئے۔ دوپہر 12 سے 3 تک درجہ حرارت مسلسل بڑھتا ہے، دھوپ میں نکلتے ہوئے چھتری کا استعمال لازمی کریں۔ اگر گرمی سے سر چکرانے لگے، صاف دکھائی نہ دے یا قے آنے لگے تو فوری کسی سائے میں بیٹھیں، پنکھے سے ہوا لیں یا پانی سے سر گیلا کریں۔
موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ تبدیلیاں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں موسمیاتی صورتحال کو متاثر کر رہی ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گرمی کی لہریں زیادہ شدید اور زیادہ دیر تک رہنے لگی ہیں، جس کا اثر فصلوں، پانی کے ذخائر اور انسانی صحت پر پڑ رہا ہے۔
ہیٹ ویو کی وجہ سے گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں میں برف پگھلنے سے تودے گرنے اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔