ہزاروں نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کر دی گئیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق اب تک 3 ہزار 400 سے زائد نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک ہوچکی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 3 ہزار 400 سے زائد سمز بلاک کر دی گئی ہیں اور مزید لاکھوں نان فائلرز کی سمز بتدریج بلاک کی جائیں گی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں کو نان فائلرز کی فہرست دیدی گئی ہے ۔اس کے علاوہ پی ٹی اے کو بھی 5 لاکھ 6 ہزار671 نان فائلرز کی فہرست دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نان فائلرز کی موبائل سمز چھوٹے گروپس میں بلاک کی جائیں گی۔ اس مقصد کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر 2024 پہلے ہی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کا نان فائلرز کے موبائل ریچارج پر 90 فیصد کٹوتی کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب ایف بی آرنے نان فائلرز کو ایک بار پھر تنبیہ کی ہے کہ وہ سم کی بندش سے بچنے کیلئے فوری طور پر گوشوارے جمع کرائیں۔ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے حوالے سے بتایاکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 بی کے تحت سال 2023 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے افراد کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں نان فائلر کی سم بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ ایف بی آر نے نان فائلرز کو تنبیہ کی ہے کہ وہ سم کی بندش سے بچنے کیلئے اپنے گوشوارے فوری جمع کرائیں۔