پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جب بلائیں گے ملاقات ہو جائے گی اور ملاقات کے بعد تمام اختلافات ختم ہو جائیں گے ۔
شیر افضل مروت نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اگر القادر ٹرسٹ کیس میں سزا ہوتی ہے تو یہ سیاسی انتقام ہو گا ۔ اسی طرح کیسز اور سزائیں دیتے رہیں گے تو پھراس کا نتیجہ احتجاج کی صورت میں نکلے گا۔ نگران حکومت کے دور میں میرے خلاف بھی دو درجن سے زیادہ کیسز بنے ، جنہیں ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور عدالت نے مجھے گرفتار کرنے سے روک دیا ۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر گرنے کی ممکنہ وجوہات سامنے آگئیں
انہوں نے کہا کہ میرے پارٹی مخالف بیانات پر بانی پی ٹی آئی نے ناراضگی کا اظہار کیا تو میں پارٹی معاملات پر بیانات دینا چھوڑ دیے ہیں۔ میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ مجھے پولیٹکل کمیٹی سے نکالا گیا، اگر مجھے کسی اور چیز سے بھی باہر کرنا ہے تو کر دیں ، شوکاز جاری کرنے ہیں کریں مجھے ان سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔انکا مزید کہنا تھا کہ جب بھی سابق چیئرمین تحریک انصاف مجھے بلائیں گی تو ان سے ملاقات ہو جائے گی جس میں تمام اختلافات خود ہی ختم ہو جائیں گے ۔
دوسری جانب گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کا کوئی ایشو نہیں ، ان کو شوکاز جاری کیا گیا تھاجس کا جواب انہوں نے دیدیا ہے۔شیر افضل مروت کا ایشو پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

