وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ دوسری جانب پیٹرولیم لیوی میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئے فیصلے کے بعد مٹی کا تیل 41 روپے 80 پیسے فی لیٹر سستا ہو گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی 13 روپے 91 پیسے فی لیٹر بڑھا دی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی کی مجموعی شرح 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈیزل پر بھی 13 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد لیوی کی نئی شرح 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔ سرکاری اعلان کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتی ہوئی لیوی عوام پر اضافی بوجھ ڈال سکتی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی سے محدود پیمانے پر صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے