وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں 22 مئی سے 2 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے حتمی اعلان 11 مئی کو کیا جائے گا، جس کے بعد تعطیلات کے شیڈول سے متعلق باقاعدہ فیصلہ سامنے آئے گا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ موسم گرما کے دوران سمر کیمپ لگانے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
حکام کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ تعلیمی سال کے شیڈول، طلبہ کی سہولت اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں طلباء کو مفت کتابوں کی فراہمی میں درپیش مشکلات کے حل کے لیے محکمہ تعلیم نے تقسیم کا نیا فارمولا جاری کر دیا۔
نئے پلان کے تحت جہاں بعض جماعتوں کو مکمل نئی کتابیں دی جائیں گی، وہیں دیگر کے لیے “بک بینک” کا سہارا لیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ پہلی سے تیسری جماعت کے تمام طلباء کو 100 فیصد نئی کتابیں ، چوتھی اور پانچویں جماعت کے 80 فیصد طلباء جبکہ ششم سے دہم جماعت میں 50 فیصد طلباء کو نئی کتابیں دی جائیں گی، تاہم دہم جماعت کے لیے نیا سلیبس ہونے کے باعث انہیں 100 فیصد نئی کتابیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جن طلباء کو نئی کتابیں نہیں مل سکیں گی، انہیں بک بینک کے ذریعے سابقہ طلباء سے اکٹھی کی گئی قابلِ استعمال پرانی کتابیں فراہم کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں اسکولوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ فارغ التحصیل ہونے والے طلباء سے کتابیں جمع کریں۔