آزاد کشمیر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان، شیڈول جاری

آزاد کشمیر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان، شیڈول جاری

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 کی تاریخ کا اعلان کردیا،عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے۔

مظفرآباد میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر)غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس کرتے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کا عمل جاری ہے، انتخابی شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی تعیناتی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔

انتخابات سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے جبکہ  پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انتخابی عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے ،  کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مدت 9 جون 2026 سے 19 جون 2026 تک مقرر کی گئی ہے ۔

اس کے بعد جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال (سکروٹنی) 20 جون 2026 کو کی جائے گی ۔ انتخابی اُمیدواروں کے خلاف اعتراضات یا اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون 2026 کو ہوگی، جس کے بعد تمام قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی ۔

مزید پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات، سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کے 5 ہزار اہلکار طلب

اُمیدواروں کے دستبردار ہونے کی آخری تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی حتمی فہرست تیار ہوگی ۔

انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور حتمی اُمیدواروں کی فہرست کی اشاعت 2 جولائی 2026 کو کی جائے گی ، جس کے بعد امیدواروں کی انتخابی مہم باضابطہ طور پر تیز ہو جائے گی ۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ شیڈول فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ۔

انتخابات کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر بھر میں سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریوں کو مزید تیز کر دیا ہے ۔

  آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ انتخابی حلقوں میں 5 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے ضلعی اور انتظامی سطح پر رابطہ کاری کے نظام کو مزید مؤثر بنا دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں برقرار رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی۔

editor

Related Articles