آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ ، سیاحوں کو کشمیر داخل ہونے سے روک دیا گیا

آزاد کشمیر حکومت کا بڑا فیصلہ ، سیاحوں کو کشمیر داخل ہونے سے روک دیا گیا

حکومت آزاد جموں و کشمیر نے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر 5 جون سے 20 جون 2026 تک کے لیے خصوصی سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور دیگر غیر ضروری سفر کرنے والے افراد کو خطے میں داخل ہونے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق ایڈوائزری کے دوران ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحت، تفریح یا دیگر غیر ضروری مقاصد کے لیے آزاد کشمیر آنے والے افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفری منصوبے مؤخر کر دیں اور مقررہ مدت تک خطے کا رخ نہ کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر میں موجود سیاح اور دیگر غیر مقامی افراد 5 جون کی شام تک خطہ چھوڑ دیں تاکہ انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے میں آسانی ہو۔

حکومت آزاد کشمیر نے شہریوں، سیاحتی اداروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ہوٹل مالکان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور عوام کو صورتحال سے آگاہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی و پٹرول مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان

ذرائع کے مطابق ایڈوائزری کے نفاذ کے دوران مختلف اضلاع میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں بھی ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اور سیاحوں کو خطرناک آبی مقامات، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے جاری کردہ سفری ایڈوائزری غیر معمولی نوعیت کی ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں سیاحتی سرگرمیوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم حکام کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

حکومت آزاد کشمیر نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی قسم کی افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ دینے کے بجائے صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

editor

Related Articles