مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کیساتھ ہماراکوئی اختلاف نہیں ، چاہتے ہیں سیاسی ماحول میں تعلقات آگے بڑھیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا عمر ایوب اور اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا اعلیٰ سطحی وفد میرے گھر تشریف لایا ہے، سب کی سوچ ہوتی ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں میں رابطے رہیں ۔ سربراہ جے یو آئی نے پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے کہا کہ ہمارے اور ان کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے ۔ ہماری یہ سوچ ہے کہ سیاسی ماحول میں تعلقات آگے کی طرف بڑھنے چاہیے تاکہ ہمارے درمیان پہلے جو تلخیاں رہی ہیں ان کی وجہ سے ہمارے درمیان کوئی دراڑ نہ آئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف دس برسوں سے کریک ڈاؤن جاری ہے لیکن ملک سے دہشت گردی ختم نہ ہو سکی بلکہ اس میں ہزاروں گنا اضافہ ہوا ہے ۔
اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں نے ہمیں جس کھلے دل سے خوش آمدید کہا ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے جمہوریت کا حسن ہے ، مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھی بات چیت ہوئی ،ان کے ساتھ ہمارا تعلق بہت پرانا ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئین و قانون کی پاسداری کے لیے مل جل کر ہماری جدوجہد جاری رہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام سے گفتگو کا سلسلہ آگے بھی جاری ر ہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے اتفاق سے چلیں گے تو ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں ۔