قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے آسٹریلیا کیخلاف جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، تمام باؤلرز نے اچھی باولنگ کی اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 4 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ، گرین شرٹس نے کینگروز کا 158 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
میچ میں کامیابی کے بعد کپتان شاہین آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلے بازوں نے مشکل کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی کا دکھائی، کوشش ہوتی ہے کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو جتواؤں۔
قومی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ابھی 14،15 ماہ باقی ہیں، کچھ کہنا قبل از وقت ہے، ہوم سیریز میں سب اپنی پچز بناتے ہیں، ہم نے بھی سیریز جیتنی تھی، پچز مشکل تھیں، رنز کرنا آسان نہیں تھا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو مسلسل موقع دینے کے لیے ٹیم تبدیل نہیں کی، شاداب خان پر سوالات اٹھے مگر اس نے کنٹرول سے بولنگ کی اور میچ جتوایا۔2 فاسٹ بولرز کھلانے میں حارث رؤف بہتر چوائس لگے، سینئرز بھی بہتری کی کوشش کر رہے ہیں، تھوڑا موقع دیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عرفات منہاس نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، ہم سے زیادہ بلے باز آج آسٹریلیا نے کھلائے تھے، ہم نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرا کر آئے ہیں، عبد الصمد نے آج کافی اچھا کھیلا، کسی پلائینگ الیون کی گارنٹی نہیں ہوتی۔
شاہین آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں جب لگے کہ کنڈیشنز کے حساب سے جو لڑکا آئے وہ کھیلے گا، ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے کھیلے ، بابر اعظم نے راولپنڈی میں جیسی اننگز کھیلی وہ سب کے سامنے ہے ، میں نے جب ڈیبیو کیا تو سرفراز احمد نے بھی مجھے سپورٹ کیا تھا۔