آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور جواب دینگے ، جے ڈی وینس

آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور جواب  دینگے ،  جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے آبنائے ہرمز بند کرنے یا تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اسے امریکی فوج کی سخت جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنا اور بحری جہازوں پر حملے بند نہیں کرتا۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکہ کا ایران کے ساحلی علاقوں پر فضائی حملہ، چا بہار سمیت مختلف علاقوں میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا

انہوں نے کہا کہ امریکا کا مؤقف واضح ہے کہ اگر ایران تجارتی جہازوں پر فائرنگ کرے گا تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو طے شدہ اصولوں کی پاسداری کرنا ہوگی بصورت دیگر اسے اپنی کارروائیوں کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

امریکی نائب صدر نے زور دیا کہ عالمی تجارت کے لیے اہم بحری راستوں کا تحفظ امریکا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں حالیہ اضافہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کی سلامتی اور خطے میں فوجی سرگرمیوں کے باعث ہوا۔ امریکا نے الزام عائد کیا کہ ایران کی کارروائیوں سے عالمی جہاز رانی کو خطرہ لاحق ہوا جس کے بعد امریکی فوج نے ایران کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، جے ڈی وینس

امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کے تحفظ کے لیے کی گئیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کا مقصد ایران کی ان صلاحیتوں کو محدود کرنا ہے جن سے سمندری آمد و رفت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ایرانی حکام اور میڈیا نے امریکی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے مختلف مقامات پر نقصانات کی اطلاعات دی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے خطے میں مزید فوجی تصادم کے خدشات کو بھی بڑھا دیا ہے۔

editor

Related Articles