محكمہ موسمیات كے مطابق ملک کےبیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہیں گے تاہم شمالی بلوچستان اورجنوبی /مشرقی پنجاب میں آندھی/جھکڑ چلنے اور چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے كاامكان ہے۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں لو کے تھپیڑوں اور سورج سے برستی آگ کے باعث شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ، تاہم محكمہ موسمیات كا كہنا ہے كہ آج شام/رات میں با لائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی / جھکڑ چلنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
آج سندھ اور پنجاب كے اضلاع لاڑکانہ، جیکب آباد، رحیم یار خان، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
لاڑکانہ اور جیکب آباد آج بھی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کے گرم ترین مقامات رہیں گے، خیرپور میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر، پڈعیدن چھور، مٹھی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ ضلع سانگھڑ میں پارہ 47 ڈگری تک جاپہنچا، حیدرآباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید گرمی کے باعث فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے شہریوں پر پانی کا چھڑکاؤ شروع کردیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر شہر بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، لاہور میں صبح کے وقت درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دوپہر کے وقت 43 ڈگری تک پہنچ گیا، رحیم یارخان میں آج گرم ترین دن ہے جہاں پارہ 50 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، اسی طرح درجہ حرارت ڈیرہ غازی خان، ملتان اور فیصل آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باعث پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات آج سے ہو گئیں ، گرمی کی شدت کی مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون کی بجائے 25 مئی سے کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا تاکہ بچوں کو گرمی کی شدت اور ہیٹ ویو سے محفوظ رکھا جاسکے۔
ادھر پشاور میں بھی سورج سوا نیزے پر آگیا، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا جبكہ پشاور، مردان اور قریبی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج كراچی شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعہ) اور کل درجہ حرارت 39 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے، اس حوالے سے چیف میٹرولو جسٹ کراچی سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت میں 2 تا 3 ڈگری اضافے کا امکان ہے ، کراچی سمیت دیہی سندھ میں جاری گرمی کی لہررواں ماہ کے آخرتک برقراررہ سکتی ہے۔