امریکا ایران معاہدہ کے بعد سونے کی اونچی اڑان، ایک دن میں فی تولہ 10 ہزار سے بھی زائد کا اضافہ

امریکا ایران معاہدہ کے بعد سونے کی اونچی اڑان، ایک دن میں فی تولہ 10 ہزار سے بھی زائد کا اضافہ

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مجوزہ امن معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر نئی بلندیاں چھو لیں۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی روز کے دوران 10 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 136 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 720 روپے بڑھنے کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 600 روپے ہو گئی جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرافہ مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 230 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 509 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ میں مختص 838 ارب کن غریب فیملیوں میں اور کیسے تقسیم ہوں گے؟

عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی جہاں فی اونس سونا 108 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 327 ڈالر تک جا پہنچا، جو حالیہ عرصے کی بلند ترین سطحوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

 امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ سرمایہ کار روایتی طور پر ایسے حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں جس کے باعث گولڈ مارکیٹ میں خریداری کا رجحان بڑھ گیا ہے۔

 گزشتہ چند روز کے دوران سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اگر عالمی سیاسی حالات میں مزید اتار چڑھاؤ جاری رہا تو سونا مزید مہنگا ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

صرافہ مارکیٹ سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکا ایران امن معاہدے کی خبروں کے بعد گولڈ مارکیٹ میں غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے اور سونے نے ایک مرتبہ پھر سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

editor

Related Articles