صوبائی وزیراطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے اڈیالہ جیل سے ایک منظم پروپیگنڈا ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے کہ مجھے زہر دیا جائیگا ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھاکہ اڈیالہ جیل والے ہمارے مہمان پاکستان کو لاکھوں میں پڑتے ہیں،موصوف الزام لگا رہے ہیں کہ مجھے کسی سے ملنے نہیں دیا جا رہا ۔ حالانکہ ایسی کوئی بھی بات نہیں ہے ۔ اڈیالہ جیل سے فضول قسم کی الزام تراشی کی جا رہی ہے ۔ ان کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ان سے کون مل رہا ہے کون نہیں ۔ اصل مسئلہ یہ ہے لوگ ان سے ملنے کے بعد آکر کہتے ہیں کہ یہ بانی پاکستان تحریک انصاف کا پیغام ہے ۔ ان کا مقصد یہ ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے ذریعے جیل سے پروپیگنڈا شروع کرنا اور اس کو پورے ملک میں پھیلانا ہے ۔ اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف مہم چلانا پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے، مجھے زہر دیا جائے گا، یہ فضول قسم کا الزام ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کونسی ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادی تھیں؟۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ یہ شخص ذہنی بیماری میں مبتلا ہے پوری دنیا اس کا تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ پاکستان کی سلامتی عوام کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے ۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بہترین کھانوں سے تواضع کی جا رہی ہےپا کستان سے سازش کرنے کا کوئی سیاسی پارٹی سوچ بھی نہیں سکتی،پی ٹی آئی ایسی سیاسی جماعت ہے جس کا نام اشتعال انگیزی یا سازش میں ضرورآئے گا ۔ جیل سے بار بار اشتعال انگیزی ہو رہی ہے، اس معاملے پر سکیورٹی اداروں کو اس طرف دیکھنا ہو گا ۔ ہم فارغ نہیں ہیں ہمارے پاس کام کرنے کے لیے بہت سارے ہیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا فوکس عوام پر ہے۔