ممبر برطانوی پارلیمنٹ ہولی لنچ نے جنرل انتخابات سے قبل استعفیٰ دے دیا ۔ ان کا تعلق لیبر پارٹی سے تھا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا رپورٹس کا بتانا ہے کہ37 سالہ ہولی لنچ برطانیہ کے شہر ہیلی فیکس سے 3 بار لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہو ئیں اور وہ ممبر پارلیمنٹ بنیں ، وہ 2015 2017 اور 2019 کے الیکشن میں لیبر پارٹی کی کامیاب امیدوار رہی ہیں ۔ استعفے کے بعد اپنے ووٹرز کے لئے جاری کردہ خصوصی پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے آبائی شہر کے لئے بطور رکن پارلیمنٹ خدمات انجام دینا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ ان کا اپنے حلقے کے عوام کے لیے اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ دس برس تک آبائی شہر کے لئے خدمات سر انجام دینے کے بعد انتخابات سے قبل دستبردار ہونے کا فیصلہ نہایت ہی مشکل تھاجو میں کر گزری۔ انہوں نے کہا کہ میں عہدہ اس لیے چھوڑ رہی ہوں تاکہ اپنے شوہر اور بیٹے کو وقت دے سکوں، کیو
ں کہ سیاست ایک ایسا بے رحم کھیل ہے جس میں گھر والوں کو وقت دینا مشکل ہو جاتا ہے ، سیاست میں انسان اس قدر مگن ہو جاتا ہے کہ اپنے کسی رشتہ دار کو بھی ملنے سے قاصر رہتا ہے ۔ اور وہ اتنا وقت نہیں لکال سکتا کہ اپنی لائف سے لطف اندوز ہو ۔ اس لیے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ، اور دوسری بات یہ ہے میرے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے ۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ ان گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ میرے لیے ممبر پارلیمنٹ کا عہدہ سنبھالنا کافی مشکل ہوتا جا رہا تھا ، اس لئے میں خاندان کے لئے اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہی ہوں۔ تاکہ اپنے گھر والوں کے ساتھ بھی اپنی زندگی کے یاد گار لمحات گزار سکوں ۔