کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر محسن خلیل نے گرفتاری دیدی ہے اور اپنے ویڈیو بیان میں اس بات کا عزم کیا ہے کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا مزید حصہ نہیں رہے گا۔
میرپور سے تعلق رکھنے والے محسن خلیل کا کہنا تھا کہ ہم 3سال جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ رہے اور ہم عوامی حقوق کی جدوجہد کررہے تھے، حالیہ پرتشدد واقعات پر میں سمجھتا ہوں کہ اس تحریک سے علیحدگی اختیارکی جائے۔
محسن خلیل نے عوام سے موجودہ صورتحال میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی اپیل کی اور اپنے علاقے کھڑی، منگلا اور میرپور کے لوگوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اس وقت جو صورتحال چل رہی ہے، جس طرف عوامی ایکشن کمیٹی نکل گئی ہے اس کا مزید حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انسانی جانوں کا ضیاع بچاناہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل بھمبر سے تعلق رکھنے والےکالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور کمیٹی رکن توصیف جرال نے بھی گرفتار ی دی تھی اور ان کا کہنا تھا عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے کیونکہ تنظیم کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس کی سرگرمیاں اپنے بنیادی مقاصد سے ہٹ چکی ہیں۔
ان کے مطابق وہ عوامی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے مقصد کے تحت اس تحریک سے وابستہ ہوئے تھے، تاہم اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ تنظیم کی قیادت کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔