کِیا پاکستان نے اپنی مقبول ایس یو وی اسپورٹیج کےانٹری لیول ویریئنٹ کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد گاڑی خریداروں کے لیے یہ ماڈل مزید قابلِ رسائی ہو گیا ہے۔
اسپورٹیج ایل الفا کی نئی قیمت مقرر
کمپنی کے مطابق اسپورٹیج لائن اپ کے بیس ماڈل کِیا اسپورٹیج ایل الفا کی قیمت میں 10 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے، اس فیصلے کے بعد گاڑی کی نئی ایکس فیکٹری قیمت 78 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہےجبکہ اس کی سابقہ قیمت 88 لاکھ 99 ہزار روپے تھی۔
انٹری لیول ویریئنٹ کی تفصیلات
کِیا اسپورٹیج ایل الفا 2000 سی سی نان ہائبرڈ پیٹرول انجن سے لیس ہے اور اسے پاکستان میں اسپورٹیج سیریز کا انٹری لیول ماڈل سمجھا جاتا ہے یہ ویریئنٹ بنیادی خصوصیات کے ساتھ مارکیٹ میں صارفین کے لیے ایک نسبتاً سستا آپشن فراہم کرتا ہے۔
نئی قیمتوں کے اطلاق کی تاریخ
کمپنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ایکس فیکٹری قیمت کا اطلاق 22 جون 2026 یا اس کے بعد انوائس ہونے والے تمام آرڈرز پر ہوگا اس کے ساتھ واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی نئے حکومتی ٹیکس، ڈیوٹی یا اضافی چارجز کی ادائیگی صارفین خود کریں گے۔
فریٹ اور انشورنس چارجز الگ
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایکس فیکٹری قیمت میں فریٹ اور انشورنس کے اخراجات شامل نہیں ہیں نئی قیمت کا اطلاق نقد خریداری اور فنانسنگ دونوں صورتوں میں یکساں طور پر ہوگا۔
دیگر گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان
دوسری جانب لکی موٹرز، جو پاکستان میں کِیا اور پیجو برانڈز کی مارکیٹنگ اور فروخت کی ذمہ دار ہے نے پیجو گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے تاہم اس حوالے سے مکمل تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔