کراچی کے علاقے بلوچ کالونی پل اور کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹینکر اور ٹریلر کی ٹکر سے دو سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عزیز آباد کے علاقے عائشہ منزل سے کریم آباد کی جانب آتے ہوئے فرنیچر مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمی ہونے والا نوجوان بھی عباسی شہید اسپتال میں دوان علاج دم توڑ گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ عاطف ولد محمود اور 20 سالہ تابش ولد محمود کے ناموں سے ہوئی ہے ، جاں بحق ہونے والے فیڈرل بی ایریا کے قریب کے رہائشی اور فریج اے سی کا کام سیکھ رہے تھے۔
واقعے کے وقت دونوں ٹیلر سے عید کے کپڑے لینے جا رہے تھے جبکہ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی پل پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
موقع پر موجود شہریوں نے بتایا کہ بلوچ کالونی پل پر چڑھتے ہوئے ایک گاڑی نے سوزوکی پک اِپ کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار دو افراد نیچے گرے اور اسی دوران عقب سے آنے والا ٹینکر دونوں افراد پر چڑھ گیا، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔