وفاقی وزیر کا پٹرول کی قیمتوں سے متعلق اہم بیان

وفاقی وزیر کا پٹرول کی قیمتوں سے متعلق اہم بیان

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرے گی۔

وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ آج پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل ریلیف عوام کو فراہم کیا جائے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات صرف ایندھن تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی، جس کے نتیجے میں مختلف اشیائے ضروریہ اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں پر بھی مثبت اثر پڑنے کی توقع ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے بجلی بلوں پر بڑی پیچیدگی ختم کر دی

یاد رہے کہ حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لے گی جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں درآمدی لاگت ایکسچینج ریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات پر مشتمل سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی۔ وزارتِ خزانہ سمری کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوائے گی جن کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوئی ہیں اور فی بیرل نرخ تقریباً گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اسی وجہ سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو بڑی خوشخبر ی مل گئی

ابتدائی تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی متوقع ہے تاہم کمی کی حتمی شرح کا انحصار اوگرا کے حساب کتاب حکومتی مالیاتی پالیسی اور وزیراعظم کے فیصلے پر ہوگا۔

Related Articles