سابق وزیر اعظم نواز شریف چھ سال بعد تیسری بار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کے سابق صدر شہباز شریف کے استعفے کے بعد نئے صدر کے انتخابات ہوئے جس میں نواز شریف کے کاغذات نامزدگی چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سے بھی جمع کرائے گئے۔ کاغذات نامزدگی سندھ سے بشیر میمن، خیبر پختونخوا سے امیر مقام اور بلوچستان سے سردار یعقوب سمیت پارٹی رہنماؤں کی جانب سے جمع کرائے گئے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک تھا اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوپہر 2 بجے تک کی گئی ،
پارٹی چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ نے تجویز کنندگان اور حامیوں کو بلایا اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ، نواز شریف کے مدمقابل کسی رہنما نے کاغذات نہیں جمعہ کروائے جس کے بعد وہ بلا مقابلہ پارٹی کے صدر بن گئے۔ واضح رہے کہ نواز شریف کو 2017 میں پاناما پیپرز کیس کے فیصلے کی وجہ سے پارٹی صدارت سمیت عوامی عہدے کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اب انہیں دوبارہ پارٹی صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

