سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 1971 کے سانحے میں پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوا اور عمران خان اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی آنکھیں کھولیں اور اس بھروپیے کو پہچانیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے کیونکہ آج کے دن ملک نے ایٹمی دھماکے کیے تھے، جن سے دنیا کو پیغام دیا گیا کہ ہمارا ملک ایک ایٹمی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ٹیکنالوجی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت دی لیکن اس کی قیمت ان کی پوری فیملی نے چکائی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایک شخص جیل میں بیٹھ کر انٹرویو دے رہا ہے، اس کے آرٹیکل چھپ رہے ہیں، اور وہ جیل سے ہی حکومتیں بنا رہا ہے، ٹکٹیں جاری کر رہا ہے، اور ٹوئٹر چلا رہا ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے جیل سے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں مجیب الرحمان کو قومی ہیرو قرار دیا، اور ایسے گمراہ کن حقائق پیش کیے گئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی لڑائی کسی سیاسی جماعت یا ادارے سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے، اور وہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکوت ڈھاکہ میں کئی معصوم جانیں گئیں اور ان حقائق کو توڑ مروڑ کر غلط کہانیاں پیش کی جا رہی ہیں، نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے لیے ایڈٹ شدہ ویڈیوز دکھائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں رہتے ہوئے فوج کی تعریف کی، اور جب اقتدار سے ہٹایا گیا تو اسی فوج کے خلاف بولنے لگے۔ شرجیل میمن نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عمران خان جیسے بھروپیے کو پہچانیں اور اپنی آنکھیں کھولیں