وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کی صدارت میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کی چوری کی رو ک تھام کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام کا بریفنگ دیتے ہوئےکہنا تھا کہ خسارے میں جو فیڈرز چل رہے ہیں صرف ان پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر بھی بجلی بندش کا دورانیہ کم کیا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جھلسا دینے والی گرمی کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں ۔ ا نہوں کو تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داری سونپی ہے کہ بجلی چوری کو روکنے کے لیے اقدامات کریں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ شدید گرمی میں لوڈ مینجمنٹ میں بہتری لائی جائے، بجلی کی چوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بجلی کی چوری کے خلاف مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی چوری کا مکمل خاتمہ کریں گے، ذاتی طور پربجلی کی چوری کی روک تھام پر پیش رفت کا ماہانہ جائزہ لوں گا، صوبائی حکومتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد بجلی چوری مہم میں معاونت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لیے ریلیف فراہم کیا جائے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور سے ہونے والی ملاقات پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے بجلی چوری کم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے پی سے ہونے والی ملاقات میں ہوئی پیش رفت انہوں نے سراہا ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث کئی مقامات پر احتجاج جاری ہیں۔ کئی مقامات پر 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے اور لائن لاسز والے علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے ۔