عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے ذریعے ووٹ نہ دینے کا بدلہ لے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب خان کاعشائیے سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ ہم نے خانپور میں بجلی اور سوئی گیس کی مد میں 14 ارب روپے کے ترقیاتی کام کروائے، واپڈا حکام کو اپنے چیمبرمیں بلا کربجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق دریافت کیا، واپڈا ذمہ داران کے پاس اس کا کوئی معقول جواب نہ تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ سے صرف بہانے سننے کو ملتے ہیں۔ خیبر پختونخوا پورے ملک کو بجلی فراہم کرتا ہے صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نےاپنے کمیشن کی خاطر گندم درآمد کرنے کے لئے 4سو ارب ریلیز کروائے ۔ آزاد کشمیر کے لیے 3ارب نہ دے سکے۔ان کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ روز میری انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی تھی ۔
جو گناہ میں نے نہیں کیے ان کی سزا بھگت رہا ہو ں ۔ میرے خلاف راولپنڈی شہر میں لا تعداد جھوٹے مقدمات درج ہیں ۔ جعلی کیسز بنوا کر میرے خلاف انتقامی کارروائی ہو رہی ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہونے والے جعلی مقدمات کو غلط سمت کی طرف موڑا جا رہا ہے اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ناجائز کیسز میں گھسیٹا جا رہا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر فسطائیت اور انتقامی کارروائی کا ڈٹ کر مقابلہ کر ے گی ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان بہت جلد انصاف مل جائے گا اوروہ ہمارے درمیان ہوں گے ۔ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حق گوئی کی وجہ سے ہمیں ایک حوصلہ ملا اور پُر اُمید ہیں کہ جبر اور ظلم کی سیاہ رات سے جلد چھٹکارا مل جائے گا ۔