انسداد دہشتگردی عدالت کا عمران خان کو پیش کرنے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت کا عمران خان کو پیش کرنے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی پیشی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیدیا، 28جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے عمران خان کیخلاف تھانہ رمنا میں درج دفعہ 144کی خلاف ورزی کے 2مقدمات میں ملزمان کی حاضری مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ کیسز کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز ، علی نواز اعوان اور واثق قیوم و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ تحریک انصاف کے وکلا سردار محمد مصروف ایڈووکیٹ اور نعیم پنجوتھہ ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان دونوں مقدمات میں 50سے زائد ملازمان ڈسچارج ہوچکے ہیں۔کچھ لوگ روپوش ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکے اب جو ملزمان پیش ہورہے ہیں ان کو 265ڈی کے تحت مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔ جج طاہر سپرا نے ریمارکس دیے کہ کیس ابھی اس سٹیج پر نہیں آیا کہ ان ملزمان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ عمران خان کے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے گزشتہ سماعت پر رپورٹ طلب کی گئی تھی۔ جج طاہر سپرا نے کہا کہ ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی جواب نہیں آیا۔ تمام ملزمان کی حاضری مکمل کی جائے تاکہ کیس کو آگے چلایا جا سکے۔

 

مزید پڑھیں: ریاست مخالف ٹویٹ، عمران خان کیخلاف تحقیقات کا آغاز، جیل میں رابطہ

 

بعد ازاں عدالت نے کیسز کی سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کیخلاف تھانہ رمنا میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ سے متعلق دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری ہوگیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ حکم نامے کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی پیشی کی روبکار جاری کرنے کا حکم دیا، عدالت نے آج کی سماعت سے غیر حاضر ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے، حماد اظہر، فرخ حبیب، مراد سعید، حسان خان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ملزم عمران خان اس وقت کسی دوسرے مقدمے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید ہیں، سابق وزیر اعظم کی آئندہ سماعت پر عدالت پیشی کےلیے روبکار جاری کی جائے، تمام غیر حاضر ملزمان اور بانی پی ٹی آئی کو 28 جون 2024 کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *