پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ آئندہ کوئی بھی پوسٹ بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر نہیں ہو گی اور وہ اس معاملے پر پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر متنازعہ ٹویٹ پر فیصلے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل سے متنازعہ ٹویٹ پر پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلا لیا گیا ہے ۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی متنازعہ ٹویٹ پر پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں ۔
آئندہ کوئی بھی پوسٹ بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر شائع نہیں ہو گی ۔ رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھاکہ ہمارے قائد کا موقف ہے کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردارنہیں ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے وکلاء کے ساتھ مشاورت کی اجازت طلب کی ہے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل سے شیخ مجیب الرحمان کی پروپیگنڈا ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایف آئی اے سائبر وِنگ نے انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی ٹیم جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے بانی ِ چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں انکوائری کے لیے ر ابطہ کرنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچی تھی تاہم عمران خان نے ایف آئی اے کی ٹیم کے سوالات کا جواب دینے سے صاف انکار کردیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلاء کی موجودگی میں دوں گا۔