وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) سنی اتحاد میں ضم ہوچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تار کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نہ کوئی انتخابی نشان ہے اور نہ ہی انہوں نے انٹراپارٹی الیکشن کروائے ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کی پارٹی خود اپنے اوپر پابندی کی تلوار لٹکا چکی ہے ۔ سنی اتحاد میں ضم ہونے سے پاکستان تحریک انصاف کی ساکھ ختم ہو کر رہ گئی ہے ۔ شیخ مجیب کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ان کا میزبان کے ایک سوال میں جواب میں کہنا تھا کہ ہماری پور ی کوشش ہے کہ عوام کو آمدہ وفاقی بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں اور آپ کو انشاء اللہ نظر آئے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ کروڑوں روپے کے کاروبار کرتے ہیں ان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن کروا رہے ہیں۔
اپنا انتخابی نشان بھی گنوا دیا۔ اس موقع پرعظمی بخاری کا کہنا تھا مخصوص جماعت کی جانب سے ڈیجیٹل دہشت گردی کی جارہی ہے، بانی پی ٹی آئی نفرتیں پھیلا رہے ہیں ،ان کے دماغ میں 9 مئی جیسا ایک اور پلان ہے، تحریک انصاف نے اپنے دور میں حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ کا ذکر کیوں نہیں کیا، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن صوبوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دوسری جانب وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہناتھا کہ پی ٹی آئی نے ’’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘ ‘مہم شروع کر رکھی ہے، کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم کہتے ہیں بات کریں، وہ کہتے ہیں تم سے بات نہیں کر یں گے ، ہم سے بات نہیں کریں گے تو کیا دیواروں سے بات کر یں گے؟ ۔